سینیٹ میں حکومت اور پی ٹی آئی آمنے سامنے، ایک دوسرے پر شدید تنقید
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینیٹ میں حکومت اور پاکستان تحریک انصاف آمنے سامنے آگئیں، ایک دوسرے کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے ڈاکٹر شہباز گل پر مبینہ تشدد کے معاملے پر ایوان سے ٹوکن واک آؤٹ کردیا، پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ اس وقت فاشسٹ حکومت ہے وہ نہ کسی آئین کو مانتی ہے نا کسی قانون کو مانتی ہے، وہ صرف اور صرف اپنے مذموم سیاسی عزائم کے لئے آخری حد تک جانے کے لئے تیار ہے،شہر میں ڈاکے پڑ رہے ہیں اور ایک شخص جو اپنی سانسوں کے لئے لڑ رہا ہے اس کے گرد پورے اسلام آباد کی پولیس ہے، وفاق میں ایک ایسی حکومت بیٹھی ہوئی ہے جو سازش کا شاخسانہ ہے، یہ فاشسٹ لوگ ہیں جبکہ وفاقی وزراء نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو 15کلو ہیروئن کوڈالتے ہوئے آپ کے منہ کالے نہیں ہوئے، آپ کو شرم بھی نہیں آئی، شہباز گل کے تو سانس پھولے ہیں اسکی زبان بہت لمبی تھی، آپ تو پھولوں میں سونے والے لوگ ہیں آپ کی چیخیں ایک مقدمے پر نکل آئی ہیں، شیر بنیں، سینہ تان کے سیاست کریں،آپ اپنا تو جواب دیں چور ڈاکو تو آپ نکلے، تحریک انتشار کا نام ہی سینہ زوری رکھنا چاہیے، اگر سیم پیج پھٹ گیا ہے ہم نے نہیں پھاڑا،ہمارا یقین کریں کوئی قصور نہیں ہے، جمہوریت کو کوئی باہر سے کمزور نہیں کرتاجمہوریت کی ٹانگیں ہم سارے مل کر توڑتے ہیں، ایک دوسرے کے منہ کالے کرتے ہیں، جب کوئی جیل جاتا ہے تو اس پربغلیں نہیں بجانی چاہئیں خوش بھی نہیں ہونا چاہئے کیونکہ باری تو سب کی آنی ہے، ہم نہیں چاہتے آپ کی باری آئے، ہم بڑی تکلیف کاٹ کے آئے ہیں۔ جمعرات کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ڈاکٹر شہباز گل اپنی سانسوں کے لئے لڑ رہا ہے پورے اسلام آباد کی پولیس پمز میں ہے، شہر میں ڈاکے پڑ رہے ہیں اور ایک شخص جو اپنی سانسوں کے لئے لڑ رہا ہے اس کے گرد پورے اسلام آباد کی پولیس ہے،اس وقت فاشسٹ حکومت ہے وہ نہ کسی آئین کو مانتی ہے نا کسی قانون کو مانتی ہے، وہ صرف اور صرف اپنے مذموم سیاسی عزائم کے لئے آخری حد تک جانے کے لئے تیار ہے،کل جو شہباز گل کے ساتھ ہوا،کہاں ہے سول سوسائٹی؟ ہم اس ایوان سے پرزور مذمت کرتے ہیں حکومت کے اس پرتشدد رویئے کی، ہم اس تشدد کے خلاف ٹوکن واک آؤٹ کریں گے، اس موقع پر پی ٹی آئی کے ارکان نے ایوان سے ٹوکن واک آؤٹ کیا۔ اس مو قع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہزاد وسیم صاحب اگر آپ میں سننے کا حوصلہ ہے توصرف تقریر کر کے نہ جایا کریں،آپ کی زبانیں لمبی ہیں آپ میں ظرف نہیں ہے سننے کا، آپ اس لئے میدان چھوڑ کر بھاگتے ہیں۔


