دشمن ہمیں فرقہ واریت اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ضیا لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت امان وامان اور سانحہ خوست کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سانحے خوست کے بارے میں تفصیلات، آئندہ لائحہ عمل، امن وامان کی مجموعی صورتحال اور مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر سبی بالاچ بلوچ، ڈپٹی کمشنر ہرنائی و دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سانحہ خوست کمیٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو کمشنر سبی بالاچ بلوچ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں متحد رہنا ہے، فوج حکومت کے ماتحت ہے اور سونپی گئی ذمہ داریاں ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز بھی ہمارے اور عوام بھی ہمارے ہیں لیکن تخریب کار مسلسل صوبے کا امن خراب کررہے ہیں لیکن ہمیں فیصلہ سازی میں عوام کے مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے فیصلے کرنا ہوں گے، جن سے ماضی میں کی گئی، غلطیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ فورسز، عوام ہم سب ایک ہیں، صوبے میں موجودہ بے امنی کی لہر ملک دشمن قوتوں کی سازش ہے۔ تخریب کار ہمیں فرقہ واریت اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کئی بھی تخریب کار موجود ہوں گے ان کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔ تخریب کاری کے واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پر کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ عوام اور فورسز کے درمیان خلا پیدا کریں۔ فورسز کو بارڈرز اور اندرونی معاملات درپیش چیلنج ہے، ہمیں مسئلہ کو جلد حل کرنا ہوگا تاکہ دشمن عناصر موقع سے فائدہ نہ اٹھائیں۔ اجلاس کے شرکاء نے سانحہ خوست کے فوجی اہلکار اور خالق داد کے درجات کی بلندی کیلے دعا بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں