بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ کرکے سیلاب زدگان کو ریلیف دیا جائے، بی ایس او
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں لسبیلہ، خضدار، جھل مگسی سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت ایمرجنسی نافذ کرکے سیلاب زدگان کو ریسکیو اور مالی امداد کیلئے ہنگامی ریلیف کا اعلان کرے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں سیلاب کی وجہ سے قیامت برپا ہے، سینکڑوں لوگوں کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ لاکھوں لوگ شدید کسمپرسی کی حالت میں آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ سیلابی ریلوں کی وجہ سے بلوچستان کا دوسرے صوبوں سے رابطہ منقطع ہے، جس سے مارکیٹ میں اشیائے خورونوش ختم ہوجانے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلابی صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کا سہارا بن رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم اے اور دوسرے حکومتی ادارے مکمل غیرفعال ہیں۔ ترجمان بی ایس او نے ملکی اور غیر ملکی خیراتی اداروں اور مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔


