نئے ایل این جی ٹرمینلز کیلئے لازمی تھرڈ پارٹی رسائی ختم کرنے کی منظوری

اسلام آباد، لاہور (انتخاب نیوز+ ایجنسیز) وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ قطر سے قبل ایل این جی پالیسی2011ء میں بڑی تبدیلی کی منظوری دیدی، یہ منظوری ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن کے ذریعے لی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نئے ایل این جی ٹرمینلز کیلئے لازمی تھرڈ پارٹی رسائی ختم کرنے کی منظوری دیدی اس فیصلے سے ملک میں ایل این جی کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی جبکہ بیرونی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اورایل این جی امپورٹ ٹرمینلز میں سرمایہ کاری آئے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میڈیکل کمیشن(پی ایم سی)کو تحلیل کر دیا،وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میڈیکل کمیشن کو تحلیل کر کے پی ایم سی کے تمام عہدیداران کو معطل کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کلیکشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔۔وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر معطل کر کے ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دوکانداروں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کو متفقہ شرح سے زیادہ لاگو کرنے پر انکوائری کرنے کا حکم دیدیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی کہ دوکانداروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس وصولی پر کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت تاجروں کے نمائندگان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔ مزید براں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو فوری طور پر غریب طبقے کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں