ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات

لندن، ڈیرہ اسماعیل خان (انتخاب نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی کی لندن میں مسلم لیگ کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات، ملکی معاشی،سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالا تر ہوکر سوچنا ہوگا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی نے گزشتہ روز لندن میں مسلم لیگ کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زاہد اکرم خان درانی نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے ۔موجودہ حکومت کو ملک معاشی طور پر سنگین بحرانوں میں گھرا ہوا ملا، موجودہ حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ سابقہ حکومت نے ذاتی مفادات کی خاطر بیرونی ایجنڈے پر پاکستان کو معاشی دلدل میں دھکیلا۔ شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ جس پر مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، ملک کو درپیش تمام تر مسائل کے حل کیلئے سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، 2018کا پاکستان معاشی طور پر مضبوط و مستحکم پاکستان تھا۔ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کی پاکستانی عوام نے بھاری قیمت چکائی ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے۔ مسلم لیگ سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں معاشی طور پر ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں