روس کے اسپتال میں آتشزدگی، وینٹی لیٹر پر موجود 5 کورونا مریض ہلاک


غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ کے سینٹ جارج اسپتال کی چھٹی منزل پر کورونا مریضوں کے لیے مختص انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں آگ لگی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں وینٹی لیٹرز پر موجود 5 کورونا مریض ہلاک ہوگئے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے 150 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق آگ وینٹی لیٹرز میں فالٹ کی وجہ سے لگی جس کے باعث زہریلے مادے کے اخراج سے مریضوں کی موت ہوئی۔
دوسری جانب اسپتال نے بھی واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک ایونٹا ایم ماڈل کے وینٹی لیٹرز کا استعمال روک دیا ہے جبکہ روسی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ چند دنوں میں اسپتالوں میں آتشزدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے اور اس سے قبل 9 مئی کو بھی ماسکو میں کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتال میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک مریض ہلاک ہوگیا تھا۔
اُدھر روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور اس وقت متاثرہ افراد کی تعداد کے اعتبار سے روس کا دنیا میں تیسرا نمبر ہے۔
روس میں اب تک 2116 افراد مہلک وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔