انتظامیہ جیرک بارڈر کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرے، ڈرائیوروں کا مطالبہ

پنجگور (انتخاب نیوز) جیرک بارڈر باڑ کے اندر 400 سے زیادہ تیل کے کاروبار کرنے والی گاڑیوں کو بغیر جواز واپس کردیا گیا، زمباد کے دوہزار ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ہمیں ضلعی انتظامیہ کے ای ٹیگ سینٹر سے تاریخ دی گئی تھی کہ29 اگست کو بارڈر جائیں جب ہم وہاں گئے صرف 200 گاڑیوں کو لوڈ کرنے کی اجازت ملی، باقی چار سو گاڑیوں کو واپس کرکے ایک ماہ بعد آنے کی تاریخ دی گئی۔ واضح رہے پنجگور سے جیرک بارڈر پر روزانہ 600 گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے، ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ تین ماہ ہوئے ہیں کہ ہم بے روزگار ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاریخ پر تاریخ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بارڈر کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرے۔ بارڈر سیکورٹی فورس کے کنٹرول میں ہے یا انتظامیہ کے، اگر انتظامیہ کے حوالے نہیں ہے تو ہمیں خوامخواہ تاریخ دے کر اس مہنگائی میں پندرہ سے بیس ہزار کا تیل اپنی گاڑیوں میں ڈال کر مفت سفر کرنے کا کیوں نقصان دے رہے ہیں۔ واضح کریں ہم سیکورٹی فورسز سے رابط کریں گے، گزشتہ تین ماہ سے بے روزگار ہیں، گھر میں فاقہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے، دکانداروں نے اب ادھار دینا بھی بند کردیا ہے، چھوٹے چھوٹے بچے دودھ کیلئے رات بھر نہیں سوتے، گھر میں پکانے کو کچھ بھی نہیں۔ حکمرانوں کو بارڈر بند کرنا ہے یا ان کا مقصد کچھ اور ہے تو واضح کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں