فیض آباد پر سیلاب متاثرین کے خیموں کو آگ لگانا قابل مذمت ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی انسانی حقوق سیکرٹری بی ایس او کے سابق چیئرمین حمید بلوچ، بی ایس او پجار کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ رات شرپسندوں کی طرف سے فیض آباد پر لگے ہوئے سیلاب متاثرین کے خیموں اور پیٹرولیم پمپ پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرپسند شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر متعلقہ ایس ایچ او کے حوالے کیا گیا ہے لیکن شفاف تفتیش نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور پیٹرولیم پمپ پر قائم سیلاب متاثرین کے خیموں کو سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ پرسکون زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین پہلے سے ہی کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں، بدقسمتی یہ ہے کہ حکومت وقت کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے خیموں کے لیے سیکورٹی طلب کی تھی لیکن انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سازش میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارراوئی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں