محترمہ حدیبیہ جمالی عزم و ہمت کی حامل مثالی آفیسر

گستاخی معاف، آغا منصور مگسی
بلوچستان کے گرین بیلٹ کہلانے والے نصیر آباد ڈویژن میں پہلی خاتون اسسٹنٹ کمشنر کا منفرد اعزاز حاصل کرنے والی محترمہ حدیبیہ جمالی صاحبہ اس وقت اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کا تعلق جمالی قبیلے کے ایک انتہائی معزز اور اعلی تعلیم یافتہ خاندان سے ہے، ان کے والد صاحب ڈاکٹر محمد سعید جمالی رواں سال کمشنر نصیر آباد ڈویژن کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں جوکہ مختلف محکموں کے سیکرٹری کے منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں جبکہ ان کے چچا محمد اسلم جمالی صاحب بھی کمشنر کے عہدے سے باعزت طور پر ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ ان کے ایک چچازاد بھائی محمد طارق جمالی صاحب اوچ پاور پلانٹ ڈیرہ مراد جمالی میں پبلک ریلیشنز آفیسر کی حیثیت سے اپنی ذمے داریاں ادا کر رہے ہیں۔ محترمہ حدیبیہ جمالی صاحبہ ایک فرض شناس، باہمت اور بلند حوصلہ کی حامل خاتون آفیسر ہیں، عام حالات ہوں یا ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال ہو وہ اپنی ذمے داریاں پوری نیک نیتی کے ساتھ ادا کرتی رہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کا شمار نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی ان چند خواتین انتظامی افسران میں ہوتا ہے جن کی کارکردگی مثالی اور قابل رشک ہوتی ہے۔ حدیبیہ صاحبہ ایک مضبوط اعصاب کی مالک خاتون اسسٹنٹ کمشنر ہیں جنہوں نے مشکل سے مشکل ترین حالات اور صورت حال میں بھی گھبرانا یا مایوس ہونا نہیں سیکھا ہے، جن کی تازہ مثال بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے دوران سب کے سامنے آئی ہے کہ دن ہو یا رات انہوں نے اپنی جان کی بازی لگا کر سیلاب کے خطرناک پانی میں چل کر اور سیلاب متاثرین کی مدد کو پہنچنے کی غرض سے انتہائی دشوار گزار راستوں پر پیدل چل کر پہنچ گئیں لیکن وہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ وہ حالیہ سیلابی صورت حال کے دوران ضلع نصیر آباد میں ایک بہادر اور فرض شناس اور رحم دل خاتون کے روپ میں عوام کے سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کبھی پانی میں چل کر تو کبھی رات گئے تک بپھرے ہوئے پٹ فیڈر کینال کی خطرناک موجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کینال سے لگنے والے ممکنہ شگاف پڑنے سے بچاؤ کے کام کی نگرانی کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وہ کبھی سیلاب کے متاثرہ بچوں اور خواتین کے پاس ٹھہر کر ان کا حوصلہ بڑھاتی رہیں تو کبھی ان کو ریلیف پہنچانے میں مصروف عمل رہیں اور ان کی فرض شناسی کا یہ سلسلہ ابھی تک اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے یہ ان کی فرض شناسی اور جذبہ خدمت کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے دورہ نصیر آباد کے موقع پر محترمہ حدیبیہ جمالی کی فرض شناسی،ہمت اور حوصلے کی تعریف کی جو کہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہماری دعا ہے کہ محترمہ حدیبیہ جمالی صاحبہ مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے کے تحت اپنا منصبی فرض ادا کرتی رہیں گی اور ترقی کی تمام تر منازل خوش اسلوبی سے طے کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں