کوئٹہ، فرینڈز آف چائنا فورم اور چائنیز ایمبیسی کی جانب سے سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) فرینڈز آف چائنا فورم اور چائنیز ایمبیسی کی جانب سے سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا گیا پی ٹی آئی کے صوبائی صدر قاسم خان سوری، فرینڈز آف چائنا فورم کے چیئرمین بایزد خان کاسی، ڈاکٹر ثناء اچکزئی نے پشتون کے علاقے عثمان آباد میں سینکڑوں خاندانوں میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر قاسم خان سوری نے کہا کہ ہم فرینڈز آف چائنا فورم، چائنیز ایمبیسی بالخصوص چیئرمین بایزد خان کاسی کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے راشن بھیجا، جس سے کم ازکم انکے گھر کا چولھا اور بچوں کا پیٹ بھرسکے۔ فرینڈز آف چائنا فورم، چائنا ایمبیسی اور چیئرمین بایزد خان کاسی نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ چائنا اور پاکستان کی عظیم دوستی تا قیامت جاری رہے گی۔ اس موقع پر بایزد خان کاسی نے کہا کہ فرینڈز آف چائنا فورم اور چائنز ایمبیسی اس سلسلے میں کوئٹہ شہر سریاب روڈ، کلی ناصران، ہنہ اوڑک اور دیگر علاقوں کے متاثرین کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے دیگر ڈسٹرکٹس میں بھی مزید راشن اور امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا۔


