متعدد امریکی کمپنیاں پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کام کر رہی ہیں، امریکی سفیر
اسلام آباد (انتخاب نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث تباہی تکلیف دہ ہے، ابھی تک امریکا نے 3 کروڑ ڈالرز عطیات اور امداد میں فراہم کیے۔یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلابی صورتحال پر امریکی امداد سے متعلق بریفنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضرورت کے اس موقع پر امریکا پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔امریکی سفیر نے کہاکہ امریکا سے پاکستان آنے والی پرواز میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی جان بچانے والی اشیا شامل ہیں۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں متعدد امریکی کمپنیاں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کام کر رہی ہیں، متعدد افراد اور کمپنیاں عطیات جمع کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان سے جانی اور مالی نقصان پر تعزیت کرتے ہیں، امریکا اور پاکستان کے تعلقات کے 75 برس پورے ہو رہے ہیں، دونوں ممالک دیرینہ دوست و شراکت دار ہیں۔اس موقع پر یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریڑ سمارتھا پاور نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے مزید 2 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر کل سیلاب سے متاثرہ علاقے میں ایئر برج قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی بحالی کیلئے مزید ممالک کو بھی آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں کہ سیلاب سے ملک کے ایک تہائی حصے میں پانی آیا۔


