منچھر جھیل کے ریلے دادو اور بھان سعید آباد میں تباہی مچانے لگے
منچھر (مانیٹرنگ ڈیسک)منچھر جھیل کے ریلے دادو اور بھان سعید آباد میں تباہی مچانے لگے، پانی دادو کی یونین کونسل یار محمد کلہوڑو کے دیہات میں پہنچ گیا، شہری اور کھلے آسمان تلے بیٹھے سیلاب متاثرین نے نقل مکانی شروع کردی۔منچھر جھیل کا ریلا دادو کا رنگ بند عبور کر نے کے بعد یونین کونسل یار محمد کلہوڑو کے دیہات تک پہنچ گیا، شہر اور گرد و نواح میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر سڑکوں اور زرعی زمینوں پر کھلے آسمان تلے بیٹھے سیلاب متاثرین نے سائبان کی تلاش میں نقل مکانی شروع کر دی۔سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ جیل دادو میں مقید قیدیوں کو حیدرآباد، منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔بھان سعیدآباد شہر میں دل نہر کے شگاف کا پانی بھان سعیدآباد گرڈ اسٹیشن کو عبور کرتا ہوا شہر کے رنگ بند سے ٹکرا گیا تاہم رنگ بند کی مضبوطی اور اونچائی کا کام جاری رہا۔محکمہ آبپاشی کے کنٹرول روم کے مطابق منچھر پر اڑل ہیڈ، اڑل ٹیل، دانستر واہ اور لاڑکانہ سیہون بچاو¿ بند پر دیے گئے دو کٹوں کے ذریعے جھیل کا پانی دریائے سندھ میں خارج ہو نے لگا دوسری جانب انڈس لنک کینال کی پل کو دریائے سندھ کے مقام پر بھی کٹ دیکر پانی کا بہاو¿ دریا کی طرف کر دیا گیا ۔


