طلبہ تنظیموں کا جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ سے فیس ادائیگی پر ریلیف دینے کا مطالبہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کی صوبائی قیادت نے آج جامعہ کوئٹہ میں پرو وائس چانسلر اور رجسٹرار کیساتھ ملاقات کی جس میں طلبہ کو فیسوں کی ادائیگی کی مد میں امتحان سے روکنے پر گفتگو ہوئی اور یہ مطالبہ کیا گیا کہ پچھلے دنوں بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے پورے صوبے کے طلبہ کو بہت سے مسائل اور نقصانات کا سامنا ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے جامعہ کی انتظامیہ طلبہ کو فیس کی ادائیگی کیلئے وقت دے اور انہیں امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دیں تاکہ طلبہ کا مزید وقت ضائع نہ ہو۔ اس پر تمام طلبہ تنظیموں نے اتفاق رائے سے جامعہ کی انتظامیہ سے طلبہ کیلئے فیس ادائیگی پر ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔ جامعہ انتظامیہ نے طلبہ تنظیموں کے مطالبات کو ماننے کی یقین دہانی کروائی کہ ہم تمام طلبا کو موجودہ سیمسٹر کے فیسوں میں ریلیف دینے کی کوشش کرینگے اور ساتھ ہی بقایا جات کو ادا کرنے کیلئے طلبہ کو دو مہینے کی مہلت دینے پر اتفاق ہوا تاکہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر طلبہ کا مزید وقت ضائع نہ ہو اور طلبہ اپنے امتحانات وقت پر دے سکے۔ ملاقات میں پشتون ایس ایف کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ پشتونخوا ایس او کے زونل آرگنائزر سیف اللہ خان بی ایس او پجار کے صوبائی صدر ملک بابل بلوچ اور بی ایس او کے شعیب بلوچ نے شرکت کی۔


