وزیراعظم کی ہدایت پر بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری
اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں اور بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں جاری ہے۔ وزیر اعظم بحالی کے کاموں کو خود سے مانیٹر کر رہے ہیں۔اس حوالے سے انھیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جا رہی ہے۔ گوادر تا رتوڈیرو موٹروے ایم 8 کے آپریشنل سیکشنز سے گوادر، آواران، خضدار اور رتوڈیرو کیلئے ٹریفک بحال ہوگئی۔ایم 8 وانگو ہلز کے مقام سے بھی لینڈ سلائڈنگ کلئیر کر دی گئی ہے۔ تاہم ایم 8 موٹروے سیکشن کو مسافروں کی آسانی کیلئے فلحال یکطرفہ کھولا گیا ہے۔ تیمر گرہ – باجوڑ 132کے وی ٹرانسمیشن لائن بھی بحال کر دی گئی۔ باجوڑ اور منڈا گرڈ اسٹیشنز پر معمول کے آپریشنز بحال ہیں جبکہ بھان سعیدآباد کو متبادل ذریعہ سے بجلی سپلائی کی جا رہی ہے۔ وارا کے قصبے کو قمبر گرڈ اسٹیشن سے بجلی سپلائی دی جانے لگی۔وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پاور ڈویژن بحالی کے کاموں پر دن رات معمور ہیں۔


