بھارت میں مظالم، سراج الحق کا سربراہان مملکت اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط
اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سربراہان مملکت اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں مسلم آبادی اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔ اپنے خط میں سینیٹر سراج الحق نے عالمی برادری کی توجہ اس امر کی طرف مبذول کرائی ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث بھارت مذہبی اقلیتوں کے لیے قید خانہ بنتا جارہا ہے۔ متنازعہ شہری بل کی منظوری کے بعد برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے عسکری بازو راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ RSS کے ہاتھوں عام شہریوں کو جبر و تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ صرف دارالحکومت دہلی میں پچاس سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ تین سو سے زائد افراد شدید زخمی ہیں۔ مساجد شہید کردی گئی ہیں، بستیوں کی بستیاں جلادی گئی ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تشدد اور قتل و غارت پھیلانے والے عناصر کی سرپرستی اور پشتیبانی کررہے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ بھارتی اقلیتوں جس میں مسلمان، مسیحی اور نچلی ذات کے ہندو شامل ہیں کی حفاظت کے لیے ممکنہ اقدامات کریں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مزید بے گناہوں کی جانیں ہندو تعصب کی بھینٹ چڑھ جائیں گی۔ کیا دنیا منتظر ہے کہ ہندوستان میں بھی اراکان (برما) کی تاریخ دہرائی جائے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں متنازعہ بل کی منظوری کے بعد بھارتی فاشسٹ حکومت نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف منظم کاروائی کا آغاز کررکھا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں قتل عام واضح کرتا ہے کہ بھارتی حکومت اس شرمناک، انسانیت کش اقدام میں برابر کی شریک ہے اور ملک سے مسلمانوں کو نکال دینا چاہتی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے سربراہان مملکت اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور جموں و کشمیر میں استصوا ب رائے کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائیں۔