بھارت، سرکاری حکام کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر سڑک کی مرمت کروائی گئی
نئی دہلی (انتخاب نیوز) بھارت کے ایک گاﺅں میں مقامی افراد نے خراب سڑک پر ہونے والے حادثات سے تنگ آ کر حکام کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور ان سے سڑک کی مرمت کروائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بھارتی شہر گرو گرام سے ملحقہ ایک گاوں نورنگ پور میں پیش آیا جو گروگرام کی مقامی انتظامیہ کے زیر انتظام ہے۔ گروگرام میٹرو پولیٹن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سرکاری اہلکار ایک پرائیویٹ کنٹریکٹر کے ساتھ ایک اور قریبی سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے جب 30 کے قریب گاﺅں والے وہاں پہنچے اور سرکاری اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔ اس کے بعد وہ انہیں اپنے گاﺅں کے قریب لے گئے اور وہاں کی ٹوٹی ہوئی سڑک کی راتوں رات مرمت کروائی۔ واقعے کے بعد پولیس نے 30 افراد پر مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مرکزی کردار ہوشیار سنگھ نامی شخص ہے جو ایک پیٹرول پمپ کا مالک ہے اور وہ اپنے پمپ کے سامنے کی سڑک تعمیر کروانا چاہتا تھا۔


