بلاول بھٹو نے پاکستان کے ذمے قرضوں کی ادائیگیاں موخر کرنیکا مطالبہ کردیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے ذمے قرضوں کی ادائیگیاں موخر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ عرب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم قرضے معاف کرنے کی بات نہیں کر رہے مگر موجودہ صورت حال میں ادائیگیاں موخر کی جائیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے لیکن کشمیر اور اسلامو فوبیا پر بھارت کے انتہا پسندانہ موقف سے پیچھے ہٹنے پر ہی ایسا ممکن ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی متنازع حیثیت کو یک طرفہ اور غیرقانونی طورپر بدلا۔ پاکستان کے لیے بھارت کے یہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ سیلاب اور بارشوں سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب کے اثرات کے ساتھ اب متاثرین کو صحت کے بحران کا بھی سامنا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان سرسبز منصوبوں، موسمیاتی لچک دار بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرانا چاہتا ہے، بڑے صنعتی ملکوں کو قرض واپس کرنے کے بجائے ہم وہی رقم سرسبز بنیادی منصوبوں پر خرچ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں