پورا پاکستان بغیر کال کے عمران خان کیلئے کھڑا ہوگیا، بابر اعوان

اسلام آباد(انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر پورا پاکستان باہر نکلے گا۔عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے امپورٹڈ حکومت کو اقتدار کی کرسی نہیں بلکہ توے پر بٹھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے پاکستان کی تاریخ بدل دی گئی، عمران خان نے وارنٹ کے بعد علاج کا بہانہ نہیں ڈھونڈا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان ہرجگہ سرخرو ہورہے ہیں، کل پورا پاکستان بغیر کال کے عمران خان کیلئے کھڑا ہوگیا۔بابر اعوان نے کہا کہ عدالت کو بتایا اسی کیس میں پہلے سے ضمانت لی ہوئی تھی، عمران خان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیاگیا، ان کو گزشتہ رات سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، حکومت خانہ جنگی چاہتی ہے، ہم بھاگنے نہیں دیں گے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی کال کا انتظار ہے، عمران خان کی کال پر پورا پاکستان باہر نکلے گا، پاکستان کی تاریخ اور تقدیر بدلنے جارہی ہے، عمران خان بہت جلد کال دیں گے۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جتنے مقدمات بنے کسی سیاسی لیڈر کیخلاف نہیں بنے، جتنے کیسز کرنے تھے کرلیے اب کیسز کرنے کی ہماری باری ہے، ہمارے کیسز حقائق پر مبنی ہوں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں حکومت کیخلاف کیس کریں گے، توشہ خانہ ریفرنس میں یہ پچھلی گلی سے بھاگ گئے۔بابر اعوان نے مزید کہا کہ پنجاب الیکشن ہارنے کے بعد یہ پاگل ہوگئے ہیں، آڈیو لیکس میں الیکشن ملتوی کرانے کے آرڈرز سامنے آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں