آصف علی زرداری کی کلفٹن کراچی میں گھر ضبط کرنے کیخلاف اعتراض، نیب کو 21مئی تک تحریری جواب جمع کر انے کی ہدایت

اسلام آباد:احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کی کلفٹن کراچی میں گھر ضبط کرنے کیخلاف دائر اعتراضات پر سماعت کے دور ان نیب کو 21 مئی تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔جمعہ کو آصف علی زرداری کی کلفٹن کراچی میں گھر ضبط کرنے کیخلاف دائر اعتراضات پر سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ دور ان سماعت نیب نے آصف علی زرداری کے اعتراضات پر جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی،جس پر احتساب عدالت نے نیب کو 21 مئی تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21مئی تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ نیب نے آصف زرداری کا کلفٹن کراچی میں مکان نمبر ایف 32 کو ضبط کیا گیا تھا،گھر ضبط کرنے کی احتساب عدالت نے توثیق کرتے ہوئے زرداری کو اعتراضات دائر کرنے کی اجازت دی تھی،آصف علی زرداری نے گھر ضبطگی کیخلاف احتساب عدالت میں فاروق نائیک کے ذریعے اعتراضات دائر کئے تھے، نیب نے موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری نے یہ گھر 2014 میں خریدا جس کی ادائیگی میں کرپشن کا پیسہ استعمال ہوا،گھر کی قیمت منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے والے جوائنٹ اکاونٹ سے ادا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں