ایرانی فورسز کی کردستان میں گھروں پر فائرنگ، 5 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فورسز نے کردستان میں گھروں پر فائرنگ کردی، جس سے 5 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کردستان کے علاقوں میں ایرانی سیکورٹی فورسز نے کریک ڈاﺅن کیا، کئی گھروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پانچ شہری ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف ایرانی پولیس کی زیرِ حراست 22 سالہ کرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کیخلاف ایران میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ناروے میں مقیم انسانی حقوق کی دو تنظیموں کی طرف سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں اصفہان اور کرج کے قریب شہروں اور مہسا امینی کے آبائی شہر سقز میں نکلنے والے مظاہرین پر سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کی اور ان کے نعروں کو گولیوں کی آواز میں دبا دیا۔ ایران میں آزاد اور غیر ملکی رپورٹنگ پر سخت پابندیاں ہیں، ملک میں سیکورٹی فورسز کے کریک ڈاﺅن کے باوجود احتجاج جاری ہے، جس میں انسانی حقوق کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ کم از کم 201 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ادھر مظاہرین پر تشدد کے نتیجے میں یورپی یونین نے ایران پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے، یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ اگلے ہفتے پیر کے روز ایران پر پابندیاں عائد کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں