اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی جنگ میں نہ گھسیٹا جائے،اسفندیارولی
چارسدہ(انتخاب نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی جنگ میں نہ گھسیٹا جائے۔کوئی پرو اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی نہیں، ایک بندہ ہے جو ڈلیور نہیں کرپارہا ، جب نہیں کرپایا تو پارلیمنٹ کے اندر اس کے خلاف عدم اعتمادآیا، اس میں اسٹیبلشمنٹ کا کیا کردار ہے ، کوئی مجھے یہ بتائے۔ ان خیالات کااظہار اسفندیارولی خان نے این اے24چارسدہ کے ضمنی الیکشن میںوووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسفندیارولی خان کا کہنا تھا کہ کل تک تو بڑے رعب سے کہتے تھے کہ جیسے آرمی چیف سے جیسے میرے تعلقات ہیں ویسے آرمی چیف کے کسی کے ساتھ تعلقات نہیں، آج جب قوم کے جذبات کو دیکھا توآج کہتا ہے کہ اقتدار تھا لیکن اختیار نہیں تھا، بابا اگر اختیار نہیں تھا تو وہاں بیٹھے کیوں، کرسی کے لئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے طے تھا کہ الیکشن کے دن نکلوں گا،بیماری کی وجہ سے فعال کردار ادا نہ کر سکا۔ ضمنی انتخاب میں عوام نے اپنا نمائندہ منتخب کرنا ہے، انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ انہوں نے اسمبلی میں تو جانا نہیں پھرگھر میں آرام سے بیٹھنا چاہیے۔


