زمینداروں کو شمسی توانائی، بیجوں اور کھاد پر سبسڈی دی جائے گی، قدوس بزنجو
صحبت پور (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی کے لیئے تما م وسائل بروئے کار لارہی ہے اور متاثرین کو صحت تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ صحبت پور کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل صوبائی وزیر میر محمد خان لہڑی رکن صوبائی اسمبلی میر سلیم کھوسہ بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے متاثرہ علاقوں کے زمینداروں کی بحالی کے لیئے 16 ارب روپے کی لاگت کے پروگرام کا آغاز کیا ہے جسکے تحت زمینداروں کو شمسی توانائی، بیجوں اور کھاد پر سبسڈی دی جائے گی تاکہ انہیں انکے پیروں پر دوبارہ سے کھڑا کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پروگرام کے لیئے معاونت پر وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے انکی جانب سے اعلان کردہ 10 ارب روپے کے فوری اجرا کی درخواست بھی کی وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیئے وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی پر انکا شکریہ بھی ادا کیا، وزیراعظم نے متاثرہ اضلاع میں پینے کے صاف پانی صحت اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیئے وزیر اعلیٰ اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے زراعت کی بحالی کے پروگرام سمیت نقصانات کے ازالے کے لیئے وفاقی حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔


