افغانستان میں خاتون نے سنگسار ہونے کے ڈر سے خودکشی کرلی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبہ غور میں ایک خاتون نے اس وقت خودکشی کرلی جب اسے گھر سے بھاگنے پر افغان حکومت کا خوف طاری ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والی خاتون کو سنگسار کرنے والے تھے کہ مذکورہ خاتون نے سرعام تذلیل سے بچنے کے خاطر پہلے ہی خودکشی کرلی جبکہ جس شخص کے ساتھ خاتون نے گھر سے بھاگ کر شادی کی تھی اسے جمعرات 13 اکتوبر کو پھانسی دے دی گئی تھی۔افغان حکومت کے صوبائی پولیس چیف برائے غور کے قائم مقام ترجمان عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ خواتین کی جیل نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کو سرعام سنگسار کرنے کی سزا سنائی گئی۔افغان سیکورٹی اہلکار کے مطابق خاتون نے سزا ملنے سے قبل ہی اپنے اسکارف سے اپنا گلا گھونٹ کرخود کشی کرلی تھی۔ افغان حکومت کی جانب سے گھر سے بھاگنے والی خواتین کو سنگسار کرنے یا سرعام کوڑے مارنے کے فیصلے کے باوجود حال ہی میں ملک کے مختلف صوبوں سے خواتین کے گھروں سے بھاگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان حکومت کی جانب سے خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایسے اقدامات سامنے آرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں