عمران خان ملتان سے خود بھی میرے مقابلے میں الیکشن لڑتے تو ہار جاتے،علی موسیٰ گیلانی
(ویب ڈیسک)اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 سے پیپلز پارٹی کے فاتح امیدوار علی موسیٰ گیلانی کا کہنا ہے کہ عمران خان ملتان سے خود بھی میرے مقابلے میں الیکشن لڑتے تو ہار جاتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ بیٹی کو میدان میں اتار کر شاہ محمود قریشی نے اچھی سیاست کھیلی کیوں کہ ہمارے علاقےمیں خاتون کسی کے گھر چلی جائے تو قتل بھی معاف کر دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مہر بانو کی جگہ شاہ محمود قریشی یا عمران خان خود کھڑے ہوتے تو انہیں صرف 40 ہزار ووٹ ملنا تھا۔واضح رہے کہ این اے 157 ملتان 4 کے تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
ان کے مدمقابل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اور پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 82141 ووٹ حاصل کیے۔پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہربانو قریشی کو 25 ہزار186 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔


