پنجگور بارڈر تیل کا کاروبار کرنیوالوں کیلئے بند، کاروباری حلقوں کا شدید احتجاج

پنجگور (انتخاب نیوز) پنجگور ضلعی انتظامیہ نے تیل کا کاروبار کرنے والے لوگوں کیلئے پھل آباد، جائیں، پروم، جیرک پوائنٹ کو بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق انٹری پوائنٹ کو ایران بارڈر پر تیل کی کاروباری گاڑی والوں کی گاڑیوں کی ری ویری فکیشن کیلئے بند کردیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے مو¿قف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ پنجگور میں کاروباری لوگوں کی تعداد کم ہے اور ای ٹیگ اسٹیکر زیادہ ہیں، اس سے انداز لگایا جاسکتا ہے کہ ان میں بے شمار بوگس، جعلی ای ٹیگ اسٹیکر ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک زیادہ بڑھ گیا ہے، ٹریفک کو قابو و بوگس ای ٹیگ اسٹیکرز کو ختم کرنے کیلئے دوبارہ پورے ڈسڑکٹ کی کاروباری گاڑیوں کی ری ویری فکیشن کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے، اس حوالے پنجگور سے تعلق رکھنے والے مختلف کاروباری شخصیات و تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران بارڈر پر کاروبار کرنا سب کا حق ہے، اصل میں دائمی کاروبار شناختی کارڈ پر ہی ممکن ہے، ای ٹیگ اسٹیکر سوائے کرپشن کے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بارڈر کے کاروبار کو ای ٹیگ اسٹیکر سسٹم پر کرکے کرپشن کا بازار گرم رکھا گیا، کمیٹی در کمیٹیوں نے ای ٹیگ اسٹیکر کو ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے فروخت کیا، ایک بار پھر ای ٹیگ اسٹیکر کی ری ویری فکیشن کے عمل کا مطلب پھر کرپشن کرنے کا ہے، اس کی بازگشت سننے میں آرہی ہے کہ پچاس ہزار دو ای ٹیگ کی فروخت کا فارمولہ چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ری ویری فکیشن سے بااثر افراد کے ای ٹیگ برقرار رہیں گے لیکن غریبوں کا کاروبار تباہ ہوگا، حق دو تحریک و دیگر تنظیموں و کاروباری لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ بضد رہی تو ہم ضلعی انتظامیہ کے اس عمل کیخلاف ہائی کورٹ جائیں گے اور شدید احتجاج بھی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں