بیوٹمز کے وائس چانسلر احمد فاروق بازئی کو بہترین خدمات پر ایکسی لینس ایوارڈ سے نواز دیا گیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وائس چانسلر بلوچستان یونورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز احمد فاروق بازئی ہلال امتیا زکو صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے تحقیق اور تعلیم کے شعبے میں ایکسیلینس ایوارڈعطا ءکردیا ہے۔ ایکسیلینس ایوارڈ کا انعقاد پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام کیا گیا جس میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، تحقیق، منصوبہ بندی اور ترقیاتی پروجیکٹس سمیت دیگر شعبہ جات میں پاکستان سے نامور شخصیات کو بہترین خدمات سر انجام دینے پر یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ اس سال ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز ایوان صدر میں ہوا جس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے۔ بلوچستان کے تعلیمی حلقوں نے وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی کو ایکسیلینس ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد فاروق بازئی فخر بلوچستان ہیں جن کی بلوچستان میں تعلیمی اور انجینئرنگ کے شعبے میں خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہے احمد فاروق بازئی نے بلوچستان کی نامور جامع بیوٹمز کی باگ دوڑ سنبھالنے کے چند ہی سال میں اس جامع کو نہ صرف قومی جامعات کے مد مقابل لا کھڑا کیا بلکہ بین الاقومی تعلیمی افق پر بھی بلوچستان کی اس جامع کو متعارف کرایا۔بلوچستان کے نامورماہرین تعلیم نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بلوچستان کے لئے اعزاز اور بلوچستان سے ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کے لئے حوصلہ افزاءقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد فاروق بازئی نے جس طرح بلوچستان میں تعلیم وتحقیق کی بہتری اور بلوچستان کی نوجوان نسل کو علم و قلم سے جوڑا ہے وہ قابل تعریف ہے یہی وجہ ہے کہ احمد فاروق بازئی کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قومی و بین الاقوامی جامعات اور ادارے انہیں مختلف ایوارڈز سے نوازتے آ رہے ہیںجبکہ ماضی میں حکومت پاکستان احمد فاروق بازئی کو ستارہ امتیاز اورہلال امتیاز سے بھی نوازا چکی ہے۔ وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے ایکسیلینس ایوارڈ ملنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ بلوچستان کے ہر اس شخص اور طالب علم کا ہے جو کہ بلوچستان کوعلم کے راستے بہترین مستقبل پر گامزن کر نے کے لیے کوشاں ہے انہوں نے صدر مملکت اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ایوارڈ بلوچستان کے تعلیمی حلقوں اور علم دوست اداروں کے لئے مزید بہتر کام کرنے کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں