توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آج سنایاجائیگا،الیکشن کمیشن میں سخت سیکیورٹی تعینات
اسلام آباد (انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نااہل ہوں گے؟ کیس عدالت بھیجا جائے گا یا ختم ہو جائے گا؟ الیکشن کمیشن آف پاکستان توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آج سنائے گا۔اس موقع پر الیکشن کمیشن کے اطراف ایس ایس پی کی نگرانی میں سخت سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن اور اس کے اطراف 1 ایس ایس پی، 5 ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز سمیت ساڑھے 11 سو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ریڈ زون میں آج داخلہ محدود کر دیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ نے آنسو گیس کے شیل الیکشن کمیشن پہنچا دیے ہیں۔پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر آنسو گیس کے شیل پہنچائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اسلام آباد انتظامیہ سے فول پروف سیکیورٹی مانگی تھی۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کے کارکنان کے جمع ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا سیکیورٹی کے لیے رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی تعینات کیے جائیں۔الیکشن کمیشن سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ آج دوپہر 2 بجے سنائے گا۔


