بلوچستان میں سیلاب سے زراعت کو 3 کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، زمیندار ایکشن کمیٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمدشاہوانی ،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ کیسکو حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں فیصلہ ہوا کہ کیسکو زرعی فیڈرز پر بجلی 30تاریخ تک منقطع نہیں کریگی اس سلسلے میں زمیندار ایکشن کمیٹی وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری سے ملاقاتیں کی جائینگی۔ انہوں نے کہاکہ زمیندارایکشن کمیٹی کے احتجاج اور چارٹر آف ڈیمانڈ کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سے ایکشن کمیٹی کے نمائندوں ملاقات کی جنہیں تمام تر مسائل سے آگاہ کیاتھا اور بتایاتھاکہ حالیہ بارش اور سیلاب سے صوبے کو زراعت کے شعبے میں 3 کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے، اس موقع پر کسانوں کو بیجوں اور کھاد پر سبسڈی فراہم کرنا ضروری ہے۔نقصانات کے ازالے کے سروے میں زمینداروں کی نمائندگی بھی شامل کی جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ متاثرہ علاقوں میں بھرپورامدادی کارروائیاں جاری ہیں، وفاق میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی پر مضبوط موقف اپنائیں گے۔ وزیراعلی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ امداد یا بحالی کے معاملے پر کسی کے ساتھ بھی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا اور زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کھاد اور زرعی بیجوں پر کسانوں کو سبسڈی فراہم کریں گے، زرعی قرضے معاف کرنے پر وفاق سے بات چیت کی جائے گی، کسان ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ زمیندار ایکشن کمیٹی کامطالبہ ہے کہ گندم کی کاشت کے سیزن سے قبل زمینداروں کو بیج فراہم کی جائیں تاکہ آئندہ درپیش مشکلات سے نمٹاجاسکے ۔


