جی ایچ کیو کا حکومت سے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا مطالبہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) فوج نے حکومت سے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے اور الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کردی۔ جی ایچ کیو (جنرل ہیڈ کوارٹر) کی جانب سے حکومت کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کی موت کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی اعلیٰ سطح تحقیقات کی جائیں تاکہ جو لوگ بھی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں، الزامات لگائے جا رہے ہیں ان سب لوگوں کو جواب مل سکے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس معاملے پر قیاس آرائیاں اور الزام تراشی افسوس ناک ہے، صرف یہ تحقیقات نہیں ہونی چاہیے کہ ان کے ساتھ وہاں کیا ہوا بلکہ کس نے انہیں باہر بھیجا اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بغیر ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، بار بار کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر ادارے پر نام کے کر الزام تراشی کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں