پاکستان کیخلاف تقاریر کرنیوالے نام نہاد قوم پرست اپنی سیاست بچا رہے ہیں، جمال رئیسانی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر برائے یوتھ افیئر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں پشتون، بلوچ سیاسی قائدین نے جس طرح فورسز پر تنقید کی گئی، اس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں فوج اور دیگر فورسز کے اداروں نے دہشت گردی کیخلاف بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، ہمارے جوان اور افسران اپنی جانوں کا نذرانہ اسی وردی میں دے رہے ہیں، ان کیخلاف نعرے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں فورسز کو نشانہ بنایا یہ ہمارے لئے باعث شرم ہے، پشتون اور بلوچ عوام نے ہمیشہ ملک کے خاطر قربانیاں دی ہیں اور دیتے رہیں گے مگر جس طرح یہ نام نہایت قوم پرست اس بہانے اپنی سیاست کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں، آئندہ چند سال میں ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، فورسز نے ہمیشہ تخریب کاری کیخلاف قربانیاں دی ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہماری فوج کے سپاہی تخریب کاری کیخلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہیں، ہماری فوج کے سپاہی تخریب کاروں کے نشانے پر ہیں، ہمیں سیاست کرتے ہوئے ضرور سوچنا چاہیے کہ نعرے لگاتے وقت جانیں پیش کرنیوالوں کے خاندانوں کو تکلیف نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں