سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپ 9عسکریت پسند مارے گئے، 5زخمی

کابل: افغانستان کی مشرقی ریاست میں سکیورٹی فورسز اور طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 9 عسکریت پسند ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔ افغانی فوج کے ترجمان ایمل مہمند نے اپنے بیان میں بتایا کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے ماچلکگو واٹر ڈیم سکیورٹی چوکیوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 9 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے او ر 5 زخمی ہوئے۔ جبکہ گزشتہ ا یک ہفتہ میں سکیورٹی فورسز او ر عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپیں جاری رہیں اور عسکریت پسندوں کی جانب سے خودکش بم حملہ میں 5 شہری ہلاک اور 46 افراد زخمی ہوئے تھے۔ افغانستان کے شمالی صوبہ فاریاب میں 24 عسکریت پسند وں نے افغانی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ افغانی فوج کے ترجمان حنیف رضائی نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان کے مقامی راہنما محمد اکران نے اپنے 24 ساتھیوں کے ساتھ مل کر افغانی سکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کے پاس سے کچھ مقدار میں گولہ بارود اور 20 سے زائد بندوقیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ جو کہ وہ ساتھ لے کر آئے تھے فوجی ترجمان کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ باغیوں کے ہتھیار ڈالنے کے بعد علاقے میں امن و استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں