واﺅڈا کے بعد کسی شہادت کی ضرورت نہیں ، قتل کے تانے بانے عمران سے ملتے ہیں ,حکومت
اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی خطرناک کھیل ، کھیل رہا ہے، بے بنیاد الزام تراشی کی بجائے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کیا جائے۔ بدھ کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی ارشد شریف کے اندوہناک قتل کو اپنی گھٹیا سیاست کیلئے استعمال کر رہا ہے اور ریاستی اداروں پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صبر سے کام لینا چاہئے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی بجائے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری بات لکھ لیں لانگ مارچ فلاپ ہوگا، یہ صرف اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہ رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آرمی چیف کسی پارٹی کا نہیں بلکہ ایک ملکی ادارے کا سربراہ ہوتا ہے۔ انہونے کہاکہ اب فیصل واڈا نے بھی کہہ دیا ہے کہ لانگ مارچ خونی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کوئی انقلاب نہیں لا رہا، لوگوں نے ان کا انقلاب 4 سالہ حکومت میں دیکھ لیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ میں عمران خان نہیں جو بغیر سوچے سمجھے بات کردوں، بہت سے رازوں سے پردہ اٹھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان انقلابی بندہ نہیں جھوٹا آدمی ہے، لوگوں کو چور کہتا ہے خود سب سے بڑا چور ہے۔انہوںنے کہاکہ مجھے بتائیں فارن فنڈنگ سے بڑی کون سی چوری ہے، 50 ارب اور توشہ خانہ سے بڑا کوئی اسکینڈل نہیں۔مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کا پلان اے ، پلان بی اور پلان سی فیل ہورہاہے ، پی ٹی آئی کا ہر پلان فیل ہورہا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے ، قتل کے تانے بانے عمران خان سے ملتے ہیں ، واوڈا کے بیان کے بعد کسی اور شہادت کی ضرورت نہیں ،پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج اور رینجرز کو طلب کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے ،اس قتل کے سارے تانے بانے عمران خان سے ملتے ہیں ، عمران خان اس سازش کا سرغنہ لگتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فیصل واوڈا کے بیان کے بعد کسی اور شہادت کی ضرورت نہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ فیصل واوڈا نے اس فیلی کو بے نقاب کر دیا ہے جس کا کاروبار دبئی اور کینیا میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فیصل واوڈا کہہ رہے ہیں میں مسلسل رابطے میں تھا اسے کیسے جھٹلائیں ؟،میری پوزیشن اجازت نہیں دیتی کہ میں فیصل واوڈا کی طرح کھل کر بات کروں ،سوال ہے کہ کینیا کی پولیس کا پہلا موقف درست تھا یا دوسرا موقف، یاواوڈا کا ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرنے والا کمیشن فیصل واڈا سے تفتیش شروع کرے جبکہ عمران خان اور مراد سعید سے بھی تفتیش کی جائے گی، فیصل واڈا کی بات کئی جگہوں پر بہت اہم ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان جس راستے پر چل رہا ہے وہ ملک کی مکمل تباہی ہے۔


