ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کرے، کے سی سی آئی

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد طارق یوسف نے مجموعی معاشی صورتحال، سیاسی بے یقینی اور اس کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کو مددنظر رکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے درخواست کی ہے کہ ٹیکس سال 2022 کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر 2022 تک توسیع کی جائے۔

کے سی سی آئی کے صدر نے جاری کردہ ایک بیان میںکہا کہ ٹیکس سال 2022 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2022 کو ختم ہو رہی ہے لیکن ملک میں آنے والے غیر معمولی سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے کاروبار ابھی تک بحال نہیں ہو سکے ہیں۔ بہت سے کاروباروں کا کیش فلو بری طرح متاثر ہوا ہے اور ملک کے کئی حصوں سے پچھلے مالی سال کی وصولیاں ابھی تک زیر التواء ہیں۔

مذکورہ بالا حقائق اور ملک اور ریونیو بورڈ کے وسیع تر مفاد میں طارق یوسف نے درخواست کی کہ فی الحال گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر 2022 تک توسیع کی جائے جس سے نہ صرف تاجر برادری کو ریلیف ملے گا بلکہ بڑے پیمانے پر ایڈووکیٹ/چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو بھی سہولت فراہم ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں