دہشتگردی کا خد شہ، امریکہ کا افغانستان کیخلاف فوجی کارروائی کا عندیہ
واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے ابھرتے ہوئے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکا یکطرفہ کارروائی جاری رکھے گا۔ ترجمان محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ امریکا اور دنیا بھر میں ہمارے شراکت دار افغانستان کو عالمی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے۔15 اگست 2021کو افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد ملک طالبان کے قبضے میں چلا گیا، صدر جو بائیڈن نے یہ اعلان کرتے ہوئے تمام امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا جواز پیش کیا کہ القاعدہ اب افغانستان میں نہیں رہی۔تاہم اگست میں امریکی سینیٹ کی فارن ریلیشن کمیٹی کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا تھا کہ افغانستان ایک بار پھر دہشت گردوں کا گڑھ بن گیا ہے اور بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو غلط طریقے سے سنبھالنے کی وجہ سے افغانستان میں انسانی بحران بھی آیا ہے۔نیڈ پرائس نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ افغانستان کے موجودہ حکمران دوبارہ دہشت گرد رہنماؤں کو پناہ دے رہے ہیں جن میں ایمن الظواہری بھی شامل تھے جو کابل میں حالیہ امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے۔


