نام نہاد قوم پرستوں نے اپنے دور اقتدار میں ٹینکی اور بیکریوں میں پیسے چھپائے، آغا حسن بلوچ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور محدود وسائل میں بھی جدوجہد کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور دیگر رہنماﺅں نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آغا حسن بلوچ نے مزید کہا کہ بی این پی کے ایم این ایز، ایم پی ایز سریاب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اجتماعی ترقیاتی کام کروا رہے ہیں، جس سے نام نہاد قوم پرست بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں ٹینکی اور بیکریوں میں پیسے چھپائے، کرپشن، اقرباءپروری ان کا دور دورہ رہا، ان کے اکابرین تو اتنے سادہ تھے کہ ان کی ناک کے نیچے کرپشن ہوئی ان کو پتہ بھی نہ چلا، بلوچستان کے اجتماعی مسائل ہوں، لاپتہ افراد کی بازیابی ہو، انسانی حقوق کی پامالی ہو، ساحل وسائل کی حفاظت بقاءکے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے، اصولی سیاست کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، آج اجتماعی طور پر عوام کے ساتھ ان کی دہلیز پر جا کر مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، جنہوں نے خود اپنے دور اقتدار میں عوام کی خدمت نہیں کی تو آج وہ پریشانی سے دوچار ہیں کہ بی این پی کیوں عوام کی خدمت کررہی ہے، بلاوجہ تنقید کر کے خود کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں جنہوں نے مرحوم ڈاکٹر حئی بلوچ جیسے بزرگ سیاستدان کو نہ بخشا اور نیشنل پارٹی کے بانی ہونے کے باوجود ان کو پارٹی سے نکال دیا کیونکہ ان کے قصور یہ تھا کہ انہوں نے کرپشن سے ان کو روکا اب مڈل کلاس کی سیاست کی باتیں پھر کی جا رہی ہیں، ان کے مڈل کلاس سیاست سے عوام بخوبی واقف ہیں آج غیر سنجیدگی کی سیاست کو پروان چڑھانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے ہم کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ساتھیوں کو دھوکہ نہ دیں وہ پی ڈی ایم اور وفاقی حکومت کا حصہ اور فنڈز کیلئے سرگرداں ہیں، یہاں نام نہاد دعوے کر رہے ہیں ان کی دو رویہ ناکام سیاست اور بوکھلاہٹ واضح کرچکی ہے کہ وہ بی این پی کی ترقیاتی کاموں پر سیخ پا ہو رہے ہیں ان کی پارٹی کی سیاسی حیثیت ختم ہو چکی ہے عوام ان کے تمام تر کارستانیوں سے واقف ہیں۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں بلوچ مفادات کو ٹھیس پہنچایا ان میں اتنی اخلاقی جرات دور اقتدار میں نہ ہو سکی کہ وہ مہاجرین کو مہاجر کہیں وہ تارکین وطن کہہ کر اتحادیوں کو ناراض نہیں کرنا چاہتے تھے، بلوچستان کے عوام باشعور ہیں ان کے سیاست کا مقصد کیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ بی این پی حقیقی ترقی و خوشحالی کی جدوجہد کر رہی ہے عوام کے بنیادی حقوق ہوں یا قومی اجتماعی معاملات ، بی این پی اپنی قومی ذمہ داری نبھاتی آئی ہے پارٹی ایم پی ایز ، ایم این ایز ، مرکزی و ضلعی قیادت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں