علاقے میں امن اور خوشحالی چاہتے ہیں، جزوی فیصلوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے، سلیمانخیل قبائل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سلیمانخیل قیصرخیل قبیلے کے رہنماؤں ڈاکٹر سرور خان قیصرخیل، حاجی نیک محمد قیصر خیل، حاجی گل محمد قیصرخیل، ملک محمد خان قیصرخیل نے کہا ہے کہ ہم علاقے میں امن، ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں، جزوی فیصلے سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ مزید قبائلی جھگڑوں کاپیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں، مندوخیل قبیلے اور جرگہ ممبران جزوی فیصلے سے انکار کریں گے اور مزید جھگڑوں سے قوم اورعلاقے کو بچا پائیں گے، ہماری کسی قبیلے کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، قیصر خیل قبیلہ اپنے آبائی علاقے میں پورا حق کا طلب گار ہے اورچاہتے ہیں کہ علاقے کی ترقی اور فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کریں۔ ضلعی انتظامیہ ژوب سے اپیل کرتے ہیں کہ سلیمانخیل قیصرخیل قبیلے کو لوکل کمیٹی میں نمائندگی دی جائے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قیصرخیل قبیلہ گزشتہ کئی سال سے امن، ترقی اورخوشحالی کیلئے اپنا کردارادا کر رہا ہے اور ہماری یہی کوشش ہے کہ علاقے میں امن، ترقی ہو گزشتہ ادوار میں مغربی بارڈر ان وفادار قبائلیوں کی وجہ سے محفوظ رہا، قیصرخیل قبیلہ ملک کے طول و عرض میں آباد ہے اور مختلف کاروبار کررہا ہے اورقبیلے ہر شعبے میں تعلیم و ہنر کے ہر میدان میں ملیں گے۔ 1992ء میں سلیمانخیل قبیلے کی ایک شاخ محمود خیل اور مندوخیل قبیلے کی ایک شاخ ایرب زئی مال مویشی اور اراضی پر آپس میں لڑائی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں کئی افراد قتل ہوئے جس میں منزئی قبیلہ میں بھی ایربزئی کے مدمقابل تھا ان تینوں شاخوں کی لڑائی اور جھگڑے کی وجہ سے وہاں پر آباد قیصر خیل قبیلے کی اکثریت نے بلوچستان اورملک کے دیگر علاقوں اور شہروں کی طرف نقل مکانی کی، ان شاخوں میں جھڑپیں ہوتی رہیں اور پورے علاقے کے قبائل کو پسماندگی کی طرف دھکیلا گیا ان قبائل کے درمیان کئی بار صلح کی کوششیں ہوئیں 1992ء میں پیر زین الدین گیلانی اور نواب ایاز خان جوگیزئی اوردیگر معتبرین نے پیش قدمی کی اور مختلف جرگے منعقد ہوتے رہے جبکہ سرکاری سطح پر بھی کوششیں ہوئیں مگر کمزور کوششوں کی وجہ سے کوئی حل نہ نکلا، اب ایک سال سے سلیمانخیل اور مندوخیل قبائل کے درمیان صلح کیلئے جرگے کی کوششیں جاری ہیں جوخوش آئند اقدام ہے اس جھگڑے میں سلیمانخیل قبائل کی شاخ محمود قبائل، منزئی اور مندوخیل کی شاخ ایربزئی قبیلے ملوث ہیں البتہ صلح کے وقت تمام متاثرہ شاخوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن، ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں جزوی فیصلے سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ مزید قبائلی جھگڑوں کاپیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں مندوخیل قبیلے اور جرگہ ممبران جزوی فیصلے سے انکار کریں گے اور مزید جھگڑوں سے قوم اورعلاقہ کو بچاپائیں گے ہماری کسی قبیلے کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے قیصر خیل قبیلہ اپنے آبائی علاقے میں پورا حق کا طلب گار ہے اورچاہتے ہیں کہ علاقے کی ترقی اور فلاح و بہبود میں اپنا کردارادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ ژوب سے اپیل کرتے ہیں کہ لوکل کمیٹی میں جس طرح دیگر قبائل کو نمائندگی دی گئی ہے اسی طرح سلیمانخیل قیصرخیل قبیلے کو لوکل کمیٹی میں نمائندگی دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں