غیر مقامی ناخدا کشتیوں کے مالک بن گئے، ماہی گیروں کے روزگار کو تحفظ دیا جائے، نیشنل پارٹی

وندر (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی وندر کی طرف سے ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ اور ساحلی علاقوں کی اراضیات کے تحفظ کے حوالے سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر وندر شہر میں شاہراہ پر گشت کیا اور ڈام بندر کے چھوٹے ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ اور موضع سونمیانی کی اراضیات بندر بانٹ کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ریلی کے شرکا موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کی شکل میں ڈام بندر روانہ ہوگئے جہاں پر ڈام جیٹی پہنچ کر مظاہرین و ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی لسبیلہ ضلعی جنرل سیکرٹری کامریڈ محمد سلیم بلوچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد امین رونجہ، تحصیل صدر ابوبکر بلوچ، عطا الللہ شاہوانی، واحد بخش بلوچ، ماہی گیری رہنماؤں شہباز اور وحید علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر مقامی لوگوں کی بڑی بڑی کشتیاں ہیں جو چھوٹے ماہی گیروں کی چھوٹی کشتیوں کو نقصان پہنچاتی اور ان کے جال پھاڑ دیتی ہیں۔ ان بڑی کشتیوں کو 50 سے لیکر 100 بندے ہوتے ہیں جن کا مقابلہ چھوٹے ماہی گیر نہیں کرسکتے۔ دوسری طرف ڈام بندر میں غیر مقامی ناخدا کشتیوں کے مالک بن گئے اور غیر مقامیوں کی یلغار نے مقامی ماہی گیروں کے روزگار پر قبضہ کر رکھا ہے اور مقامی ماہی گیروں کو اپنی کشتیاں لنگر انداز کرنے کی ساحل میں جگہ نہیں ہے۔ دوسری طرف ساحلی علاقوں کی زمینوں کی بندر بانٹ کی جارہی ہے۔ نیشنل پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی ماہی گیروں کے روزگار کو تحفظ دیا جائے اور سونمیانی کی اراضیات مقامی حقداروں کو دی جائے۔ ریلی کی قیادت ضلعی و تحصیل عہدیداروں سینئر رہنماؤں سابق صدر مہراللہ برفت، اللہ بخش بلوچ، عبد القادر مگسی، حاجی غلام حسین رند، رمضان مگسی، اکبر مگسی، وقار خاصخیلی، عبدالرحمن عرف ادرو بادشاہ، نواز دودا، شوکت مانڈرہ، نعمت مری، محرم مگسی ودیگر نے کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں