محکمہ لائیو اسٹاک کی اراضی پر گھر مسمار کرکے کھیل کا میدان بنانا افسوسناک ہے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک پولٹری فارم روڈ کی زر خرید زمین کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سٹیڈیم کے نام پر قبضہ کرنا قابل افسوس ہے، درجنوں خاندانوں کو بے گھر کرنے اور ان کے گھروں کو مسمار کرکے کھیل کے میدان کی تعمیر کا منصوبہ قابل تشویس ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پولٹری فارم میں چالیس سے زائد کواٹرز تعمیر ہیں جس میں تقریباً 50کے قریب خاندان آباد ہیں اور اب سٹیڈیم کی تعمیر کے غرض سے اس آبادی کو ختم کرنے اور ملازمین سے چھت چھین کر انہیں درپدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ سردی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور متاثرین گزشتہ 2ماہ سے تقریباً احتجاج پر بیٹھے ہیں لیکن بے حس اور نااہل صوبائی حکومت وانتظامیہ ان متاثرین کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے سے مسلسل گریزاں ہے۔ حالانکہ مذکورہ زمین لائیو سٹاک کی ملکیت ہے اور ان کے بغیر اجازت دوسرے محکمے کو نہیں دیا جاسکتا اور سٹیڈیم کی تعمیر زبردستی کرنا زمین پر قبضہ کرنے کے مترادف ہے۔ سٹیڈم کی تعمیر کیخلاف نہیں لیکن اس کیلئے کئی کسی اور جگہ زمین کی الاٹمنٹ کرکے تعمیر کیا جائے تاکہ علاقے کو نوجوان اور بالخصوص کھیل سے منسلک کھلاڑی اور شائقین کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوسکیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ احتجاج پر بیٹھے ضعیف العمر، نوجوان، بچوں سمیت تمام افراد کے مطالبات کوتسلیم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں