انسان کو اپنے وجود کے اندر انقلاب لانا پڑتا ہے‘ مولانا شیرانی
چمن (نامہ نگار) جے یو آئی پاکستان کے مرکزی قائد مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ ذلت اور غلامی کے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کردار کو تبدیل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن میں احیائے جمعیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ خدا نے اس کائنات کیلئے یہ قانون بنایاہے کہ جیسا کردار ہوگا اس سے اسی طرح کے نتائج برآمد ہوں گے حریت اور عزت باہر سے نہیں آتے بلکہ انسان کو اپنے وجود کے اندر انقلاب لانا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ غلامی محکومیت اور مظلومیت کے محرکات انسان کے اپنے باطن سے پھوٹتے ہیں خوف اور لالچ غلامی اور محکومیت کے سب سے بڑے محرکات ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے جماعت کے ساتھ رفاقت تو ہمیشہ کی ہے لیکن کارکنوں کو غلام سمجھنے اور جماعت میں گروپ ازم ناقابل قبول ہے جماعتی سفر اصول ضابطے اور دستور کی پاسداری سے طے ہوتاہے جماعت کو وراثت سمجھنا دیانت داری تقوی اور صلاحیت کی اہمیت سے انکار کا معنی رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ کارکن وقتی مشکلات سے بددل اور مایوس نہ ہوں ہمیں یقین ہے کہ حالات خواہ جیسے بھی ہوں مگر جماعت اپنے اصل نہج اور پٹڑی پر دوبارہ گامزن ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور لوگوں کو یہ دعوت دینا ہے کہ خود بھی جھوٹ نہ بولیں اور جھوٹ بولنے والوں کی پیروی بھی نہ کریں خود بھی سچ بولیں اور سچ بولنے والوں کی پیروی کریں کانفرنس سے جے یو آئی کے صوبائی مرابط مولانا عبدالمالک مرکزی رہنما مولانا محمود الحسینی حاجی عبد الصادق مولانا محمد اقبال عثمانی مولانا حافظ سید امیر محمد مولانا ہنرشاہ شیرانی ضلعی سرپرست اعلی مولانا حسام الدین دیوبندی حاجی رحمت اللہ رحمت ضلعی مرابط مولانا حافظ محمد خالد اور دیگر نے خطاب کیا رات کو جے یو آئی کے ضلعی رابطہ کمیٹی کے رکن حاجی امیر حمزہ خان نورزئی نے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔


