ای سی سی اجلاس،کسان پیکیج منظور، الیکشن کمیشن کی47ارب روپے گرانٹ موخر
اسلام آباد(انتخاب نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کیلیے47ارب روپے گرانٹ کی منظوری موخر کردی تاہم کسان پیکیج2022 کی منظوری دے دی۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہونیوالے ای سی سی اجلاس میں الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کے لیے47ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری کی منظوری سمری موخر کر دی گئی۔الیکشن کمیشن تکنیکی گرانٹ کی منظوری کے لیے دوبارہ سمری پیش کرے گا، تاہم ای سی سی نے کسان پیکج 2022کی منظوری دے دی، زرعی قرضوں کاحجم 1419 ارب سے بڑھاکر 1802 ارب روپے کرنے کی منظوری دے دی گئیڈی اے پی کھاد کی قیمت 13750روپے سے کم کرکے11250روپے کرنے کی منظوری دی گئی ، تین لاکھ ٹیوب ویلزکو سولر پر منتقل کرنے کے لیے بلا سود قرضے دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم، ہائی اسپیڈ ڈیزل ،گیس آئل کی درآمد پر 16.75 ڈالر فی بیرل پریمیئم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کی حمایت کا عزم کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے مشکل وقت میں افغانستان کی مدد کے لیے فریم ورک پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کے ہمراہ دورہ افغانستان کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں افغان قیادت کے ساتھ فیصلہ کن بات چیت کے لیے جامع ایجنڈے پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔


