جام حکومت نے دیوار سے لگایا، قدوس بزنجو نے حلقے کیلئے فنڈز دیئے، چیئر مین اقلیتی کمیشن

اوتھل(نمائندہ انتخاب) جمعیت علماء اسلام کے رہنما و اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی مکھی شام لعل لاسی کی اوتھل آمد کے موقع پر ہندو برادری کی جانب سے SMC فارم اوتھل پر انکا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اس موقع پر لوگوں نے انہیں بلوچستان اقلیتی کمیشن کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں انہیں موٹرسائیکل اور گاڑیوں میں ریلی کی شکل میں اوتھل لایا گیا۔ ریلی مین قومی شاہراہ اور بازار سے ہوتی ہوئی جب ہندو محلہ اوتھل پہنچی تو ہندو برادری کے لوگوں نے ڈھول کی تھاپ ڈانڈیا کھیلتے ہوئے انکا شاندار استقبال کیا اور ان پر نہ صرف گل پاشی کی گئی بلکہ نوجوانوں نے مکھی شام لعل لاسی پر نوٹ نچاور کرکے ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اور جگہ جگہ پر انکا استقبال کرتے ہوئے انہیں فیملی پارک پہنچایا گیا جہاں پر ان کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے مکھی پریم چند کاچھوانی، مکھی ہنس راج، مکھی کھیل داس، مکھی ونود کمار، ڈاکٹر تولہ رام لاسی، ڈاکٹر دھرم پال لاسی، ارجن داس، سردار ساگر سنگھ، میر عالم مری، ڈاکٹر انیل کمار رتنانی، نارائن داس، مولچند لاسی، جیرام داس، جاوید بلوچ، آسن داس اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے مکھی شام لعل لاسی کو بلوچستان اقلیتی کمیشن کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں سیاسی و سماجی رہنما ڈاکٹر دھرم پال لاسی اور جیرام داس نے مکھی شام لعل لاسی کو بلوچی دستار پہنائی جبکہ ننی بچیوں نے مکھی شام لعل لاسی کو گلدستے پیش کئے اور مختلف لوگوں نے اجرکیں اور پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دی۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے رہنما و بلوچستان اقلیتی کمیشن کے چیئرمین مکھی شام لال لاسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج لوگوں نے جس انداز میں میرا استقبال کرکے مجھے جو عزت بخشی وہ میں کبھی بھول نہیں سکتا مکھی شام لعل لاسی نے کہا جمعیت علماء اسلام نے مجھ جیسے عام انسان کو اسمبلی میں پہنچایا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جمعیت علماء اسلام غریبوں، مظلوموں اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی جماعت ہے میں اپنے قائد مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا غلام قادر قاسمی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے نہ صرف مجھے محبت اور عزت دی بلکہ ہر موڑ پر میری رہنمائی بھی کرتے رہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کی حکومت میں مجھے دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی لیکن مجھے کسی سے کوئی گلہ نہیں ہے موجودہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے جب سے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالا ہے تب سے انہوں نے مجھے ہمیشہ محبت اور عزت دی اور میرے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کئے آج پورے بلوچستان میں میرے بیشمار ترقیاتی کام ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مجھے بلوچستان اقلیتی کمیشن کا چیئرمین منتخب کیا جو میرے لئے ایک اعزاز ہے حالانکہ ان کے سامنے مجھ سے سینئر اور قابل لوگوں کے نام تھے لیکن جب میر عبدالقدوس بزنجو نے میرا نام دیکھا تو انہوں نے کہا کہ مکھی شام لعل لاسی اس منصب کے لئے بہترین چوائس ہے جسکے لئے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا مشکور ہوں انشاء اللہ موجودہ حکومت میں بلوچستان ترقی کی نئی منازل طے کریگا۔ اس موقع پر مکیش کمار لاسی، لعل چند، مگن مل، اوڈومل لاسی، کانتیش کمار، اومیش کمار پلیانی،ٹے کن مل رامچندانی،جے کمار، پرکاش کمار، کیلاش کمار، نانک زہری، مکیش کمار، لیلا رام لاسی، ڈاکٹر ارجن داس، ڈاکٹر اشوک، ڈاکٹر ہیرالعل، مکھی بگھوان داس، ڈاکٹر چندر، رام لعل لاسی، ٹوپا مل، شنکر لعل، آسا رام، کملیش چھیلا، سندر لعل، ٹھیکیدار سندر لعل، روی کمار، جیٹھامل، کرشن لعل لاسی،مشتاق چنہ، بابو غلام مصطفی چنہ، محسن سومرو، جمیل سومرو، شہزاد سومرو اور دیگر ہندو برادری کے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں