آج قومی قیادت نے قوم کو متفقہ اور غیرمتنازع آرمی چیف دیا، حافظ حمداللہ

اسلام آباد :ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ آج قومی قیادت نے قوم کو متفقہ اور غیر متنازع آرمی چیف دیا۔انہوں نے کہا کہ سینیارٹی کی بنیاد پر جو تعیناتی ہوئی اس پر حکومتی اتحاد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تقرری کا فیصلہ سینیارٹی کی بنیاد پر ہوا جو خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اور خوش آئند بات ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت بھی نام پر متفق ہے۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ تقرری سے متعلق فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہونا بھی خوش آئند ہے۔ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ عمران خان نااہل اور نالائق ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے تمام اداروں کو متنازع بنایا، ان کی وجہ سے پورا ملک ہیجان میں مبتلا ہے، عمران خان ملک میں افراتفری چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے خطرہ ہے، ان کی سیاست پاکستان کی وجہ سے، پاکستان عمران خان کی وجہ سے نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو آئین اور قانون کو فالو کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں