نیشنل پارٹی بغض بی این پی میں قبائلی اقدار بھول چکی، ہدایت الرحمن گالم گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھارہا ہے، باسط لہڑی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر حاجی باسط لہڑی نے نیشنل پارٹی کی جانب سے جماعت اسلامی و اسٹیبلشمنٹ کے کاسہ لیس مولانہ ہدایت الرحمن و حق دو تحریک کی حمایت میں بیان و تقریر پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند ماہ قبل مذکورہ پارٹی کے سربراہ نے حق دو تحریک کو بلوچ بیلٹ خصوصا مکران سے قوم پرستانہ سیاست کیخلاف سازش قرار دیا تھا مگر آج اچانک نیشنل پارٹی کے رہنما اسی قوم پرست مخالف تحریک کے اسٹیج پر کھڑے ہوکر بی این پی کیخلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں کیا یہ سیاسی منافقت نہیںانہوں نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی بغض بی این پی میں سیاسی و قبائلی اقدار بھول چکی ہے ایک ایسے شخص کی حمایت کررہی ہے جو سیاست میں گالم گلوچ، ذاتیات، بدتمیزی، ہرزہ سرائی کو پروان چڑھانے کی کوشش کر رہاہے نیشنل پارٹی کے حالیہ بیان سے یہ بات بلوچ قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے کہ نیشنل پارٹی بغض بی این پی میں کسی بھی حد تک جاسکتی ہے، گمان یہی تھا کہ وہ اپنی ماضی کی حماقتوں سے کچھ سیکھتے مگر حالیہ بیانات و ہرزہ سرائی سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ بی این پی سے سیاسی میدان میں شکست خوردہ پارٹی کبھی ڈیتھ اسکواڈ کا الیکشن اتحادی بن جاتی ہے تو کبھی بی این پی خلاف ریاستی گماشتوں کے آلہ کاروں کے ہم زبان بن جاتے ہیں ، مگر سورج کو انگلی سے چھپایا نہیں جاسکتا بلوچ قوم بخوبی یہ جانتی ہے کہ پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل و بلوچستان نیشنل پارٹی اس سر زمین کے حقیقی وارث ہونے کا حق ادا کررہے ہیں، لاپتہ افراد سمیت ساحل و وسائل اور حق حاکمیت کی جدوجہد سے خائف ہیں اس کے تمام ریموٹ کنٹرولڈ مہرے بشمول نیشنل پارٹی ایک ہی پیج پر آ چکے ہیں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت بی این پی کیخلاف صف بندی کرچکے ہیں مگر ان تمام سازشوں کے باوجود بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں بلوچستان سمیت مختلف علاقوں روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے انشااللہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے نظریاتی ورکر اس طرح کے ہتھکنڈوں اور کاسہ لیسوں کی تمام تر سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور انہیں ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں