بلوچستان کے6اضلاع کی203یونین کونسلز میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹرسید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے6 اضلاع کی203یونین کونسلز میں سات روزہ انسداد پولیو مہم آج 28نومبر (بروز پیر)سے شروع ہوگی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 9لاکھ78ہزار کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاکے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم کے دوران4 ہزار160کے قریب ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مامور ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی،جس پربلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہوں گے، پولیو وائرس ان بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیوسے بچا کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔سید زاہد شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں جنوری سال 2021 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،بلوچستان کے ماحولیات میں اپریل 2021 سے اب تک پولیو وائرس نہیں ہے۔ ملک دیگر صوبوں کے اضلاع اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی صوبہ بلوچستان کے بچوں کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ پولیو سے بچا کی مہم کے دوران پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں، اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں، پولیو کے خاتمے کیلئے ہونی والی مہمات کے باعث آج بلوچستا ن میں اس مرض پرممکنہ حد تک قابو پالیا گیا ہے جو کہ بڑی پیشرفت ہے،اس ضمن میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار ادا کرنا خوش آئند بات ہے۔جس سے اس مرض کے تدارک میں مد د مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں اس بارے میں شعور اجاگر کرنے میں دیگر طبقات کے ساتھ علما کرام کا کردار نہایت ہی اہم ہے،جس کے باعث آج پولیو کے خلاف ہم منظم انداز میں مہم چلا کر اپنے بچوں کو محفوظ بنارہے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں