افسران خود کو عوام کا خادم سمجھیں، آواران میں لوگوں کے مسائل حل کیے جائیں، قدوس بز نجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ اضلاع میں امن امان کے قیام کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے انکی نگرانی اور تعلیم و صحت کے اداروں کی کارکردگی کی بہتری بھی ڈپٹی کمشنروں کے فرائض میں شامل ہے یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اس حوالے سے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آواران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو ضلع آواران میں امن امان برقرار رکھنے کیلئے جاری اقدامات ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے وزیراعلیٰ کے حالیہ دورہ آواران میں وزیراعلیٰ کی جانب سے اعلان کردہ منصوبوں اور ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ افسران خود کو عوام کا خادم سمجھیں اور انکے لئے اپنے دروازے ہمیشہ کھلیں رکھیں تاکہ انکے مسائل سے آگاہی اور مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد ضلعوں کی سطح پر ڈپٹی کمشنروں کی زیر نگرانی وزیراعلیٰ کمپلینٹ مراکز قائم کئے جائیں گے جو بذریعہ انٹر نیٹ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے مرکزی کمپلینٹ سینٹر سے براہ راست منسلک ہونگے اور سائلین کی شکایات اور متعلقہ ضلعی افسر کی جانب سے انکے حل کے اقدامات کی موثر نگرانی کی جائے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دور دراز کے اضلاع کے عوام کو انکے مسائل میں فوری ریلیف کی فراہمی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذرائع مواصلات کی بہتری اور روڈ کنیکٹیویٹی کے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں جن کے لئے اربوں روپے مختص ہیں ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ان منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کے لئے محکمہ مواصلات کو بھرپور تعاون فراہم کریں انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے اپنے ضلع کے تمام علاقوں کے دورے کرتے ہوئے عوام سے قریبی روابط بحال رکھیں اور ان سے عزت و احترام اور اپنائیت سے پیش آئیں تاکہ انکا اداروں پر اعتماد پختہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں