ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو کلکٹر کسٹم کے سوا کوئی نہیں روک سکتا، جلد کسٹم اپیلٹ ٹربیونل قائم کیا جائیگا، وفاقی ٹیکس محتسب

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،بلوچستان کی ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو کلکٹر کسٹم کے بغیر کوئی نہیں روک سکتا،کوئٹہ میں جلد کسٹم اپیلٹ ٹربیونل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے وفاقی ٹیکس محتسب اور ان کی ٹیم کا چیمبر آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے ملک کے دیگر صوبوں کو کسٹم ڈیوٹی پیڈ مال بردار گاڑیوں کو مختلف حیلے بہانوں روکا جاتا ہے بلکہ ڈرائی فروٹس کی پروسیسنگ اور صفائی کے بعد شہر کے اندر پکڑ دھکڑ کی جاتی ہے انہوں نے درآمدہ اشیا کے ویلیو ایشن میں لینڈ روٹس امپورٹرز کو ریلیف دینے کے لئے چیمبر آف کامرس کی تجاویز ایف بی آر حکام کو پہنچانے کی بھی استدعا کی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل کی رینج میں نہ ہونے کے باوجود تنگ کیا جاتا ہے اس سلسلے میں وفاقی ٹیکس محتسب متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرے۔اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ ٹیکس دہندگان کیلئے نظام کو بہتر اور سہل کیا جائے آرڈیننس کا اردو میں ترجمہ کردیا گیا ہے ٹیکس دہندگان اس کا مطالعہ کرے تاکہ انہیں آرڈیننس بارے معلوم ہو سکے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے حوالے سے شکایات میں دوگنا اضافہ ہو چکا ہے،بلوچستان کی کسٹم ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو روکے جانے سے متعلق ممبر کسٹم کو بلا کر ان سے ہدایات جاری کر دی گئی ہے کہ کلکٹر کسٹم کے بغیر کوئی بھی مذکورہ گاڑیوں کو روکنے کا مجاز نہیں جو آفیسران اور اہلکار اس کے باوجود بھی گاڑیوں کو روکنے کے عمل میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل سے متعلق شکایات کا بھی جائزہ لے کر متعلقہ حکام کو ہدایت کی جاتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں بھی کسٹم اپیلیٹ ٹریبونل کو جلد فعال کیا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ ایف ٹی او کسی بھی شکایت پر 60 دنوں کے دوران فیصلہ سنا دیتا ہے پچھلے ایک سال کے دوران 6ہزار شکایات میں سے 5700 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے جن میں سے 90 فیصد کی توثیق صدر پاکستان بھی کر چکے ہیں انہوں نے کہا کہ سوزوکی گاڑیوں کی خریداری پر زیادہ ٹیکس وصولی کی شکایات پر ایکشن لیکر 9ہزار افراد کو ریلیف دیا گیا اس کے علاوہ چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کی کٹوتی بھی ختم کردیا گیا ہے ہمارا کام فیصلہ دینا اور اس پر عمل درآمد بھی ہے انہوں نے کہا کہ کسٹم انٹی لیجنس کے نئے ڈائریکٹر انہیں وعدہ دے چکے کہ اب بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی محتسب کے سرور براہی نے بھی اظہار خیال کیا۔آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی اور وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے یادگاری شیلڈز کا بھی تبادلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں