چین پر دنیا بھر میں 100 سے زائد پولیس اسٹیشن چلانے کا الزام، سہولتی مراکز ہیں، چینی وزارت خارجہ

میڈرڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسپین کے شہر میڈرڈ میں موجود انسانی حقوق کے گروپ سیف گارڈ ڈیفنڈرز کی نئی رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چین کچھ میزبان ممالک کی مدد سے دنیا بھر میں 100 سے زائد پولیس اسٹیشن چلا رہا ہے۔سیف گارڈ ڈیفنڈرزنے اپنی نئی رپورٹ میں الزام لگایا ہے کہ اسے اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ چین بیرون ملک 48 اضافی پولیس اسٹیشن چلا رہا ہے۔قبل ازیں اس گروپ نے ستمبر کی رپورٹ میں پہلی بار ایسے 54 اسٹیشنوں کے وجود کا انکشاف کیا تھا۔سیف گارڈ ڈیفنڈرز کا کہنا ہے کہ اس نے کم از کم 53 ممالک میں سرگرم چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے چار مختلف پولیس دائرہ اختیار کی نشاندہی کی ہے جو ظاہری طور پر دنیا کے چاروں کونوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق اوورسیز پولیس اسٹیشن کے قیام کا مقصد جلاوطن چینی شہریوں کی نگرانی، انہیں ہراساں کرنا اور بعض صورتوں میں ان کی وطن واپسی میں مدد کرنا ہے۔ یہ پولیس اسٹیشن چین کے یورپی اورافریقی ملکوں کے ساتھ دو طرفہ سکیورٹی معاہدے کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔دوسری جانب چین نے بیرون ملک غیر اعلانیہ پولیس فورس چلانے کی رپورٹ کی تردید کی ہے اور گزشتہ ماہ چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ امید ہے متعلقہ فریق کشیدگی پیدا کرنے کیلئے اسے بڑھاوا دینا بند کریں گے اوراسے چین کو بدنام کرنے کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔چین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سہولیات کے انتظامی مرکز ہیں جو چینی تارکین وطن کو ان کے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید جیسے کاموں میں مدد کرنے کیلئے قائم کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں