پشتونخوا میپ کی سیاست اپنے غیور عوام کیلئے ہے، حکومت علی وزیر کو فوری رہا کرے، نصر اللہ زیرے

کوئٹہ، کراچی (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کراچییکے سینٹرل جیل میں وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی پشتون حریت پسند رہنما اور پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پشتونخوا میپ سندھ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید صدیق آغا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری افضل خان، پی ٹی ایم نوراللہ خان ترین اور سرور خان کاکڑاور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے نصراللہ خان زیرے نے علی وزیر کے قربانیوں جہدوجہد پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال سے علی وزیر کو بلاجواز اور غیرقانونی طریقے سے پابند سلاسل رکھا گیا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور علی وزیر کو ررہا کیا جائے۔ اس موقع سے پشتون قومی سیاست اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بنوں کے تاریخی جرگے کے متفقہ اعلامیہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے افغانستان میں فوری طور انسانی حقوق کا احترام کیا جائے، خواتین کی تعلیم پر پابندی ختم کی جائے اور فی الفور لویہ جرگہ بلاکر جمہوری طریقے انتقال اقتدار کیا جائے۔ علاوہ ازیں پشتونخوا میپ کے صوبائی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے میٹر وویل میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا میپ کی سیاست اپنے غیور عوام کے لئے ہے اور پارٹی کے قومی کانگرس منعقدہ کوئٹہ 27،28 دسمبر کی کامیابی کے لئے دن رات محنت کرنا ہوگی جس کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں