ہمارے کچھ لوگ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، عمران خان

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب کو میں کنٹرول نہیں کر رہا تھا، ہمارے بعض لوگ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، کسی اتحادی کی بات اچھی نہیں لگتی تو کارکن نظر انداز کریں، اب دوبارہ اقتدار میں آئے تو احتساب کا نظام بہتر کریں گے،موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا، حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے،ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریاں شروع کر دیں، این آر او ون اس قوم کو بہت مہنگا پڑا لیکن این آر او ٹو اس سے بھی شرمناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کرنٹ افیئرز وی لاگرز سے ملاقات، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور اپنے ٹویٹ میں کیا۔لاہور میں کرنٹ افیئرز وی لاگرز سے ملاقات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کسی اتحادی کی بات اچھی نہیں لگتی تو کارکن نظر انداز کریں، اتحادیوں کی ہر بات ہماری لائن لینتھ پر نہیں ہو سکتی، ہمیں ایسی باتوں کو درگزر کرنا چاہیے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اب دوبارہ اقتدار میں آئے تو احتساب کا نظام بہتر کریں گے، نیب کو میں کنٹرول نہیں کر رہا تھا، ہمارے بعض لوگ اسمبلی تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، اسمبلیاں تحلیل ہونے سے ہماری مقبولیت کم نہیں ہو گی۔اس سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں