کوئٹہ میں بے نظیربھٹو کا غیرمعیاری مجسمہ نصب کرکے جیالوں کی دل آزاری کی گئی، سردار سربلند جوگیزئی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلندجوگیزئی نے کہاہے کہ کوئٹہ میں بے نظیربھٹو کا غیرمعیاری مجسمہ نصب کرکے پارٹی کے جیالوں کی دل آزاری کی گئی ہے صوبائی حکومت اور کنٹونمنٹ بورڈ فوری طور پر غیر معیاری مجسمہ نصب کرنے والوں کاتعین کرکے کارروائی عمل میں لائے،پاکستان پیپلز پارٹی کسی کو بھی توہین کرنے کی ہرگزاجازت نہیں دے گی۔یہ با ت انہوں نے بدھ کو کوئٹہ سمنگلی روڈ پرواقع بے نظیر پارک میں نصب غیر معیاری مجسمہ ہٹانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاسم خان اچکزئی،ملک ذیشان،رابطہ سیکرٹری ربانی خلجی،صوبائی میڈیاکوارڈینیٹرحیات خان اچکزئی،صوبائی رہنما ندیم آفریدی،انجینئر ہادی عسکری،آفس سیکرٹری اختر بلوچ،بابل جتک، لیبرونگ کے صدر شاہجہان گجراوردیگر پارٹی رہنمابھی موجودتھے۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا بے نظیر پارک کوئٹہ میں غیر معیاری مجسمہ نصب کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں اورعوام کی دل آزاری ہوئی پیپلز پارٹی بلوچستان کی قیادت کے احتجاج پرکنٹونمنٹ بورڈ نے بے نظیر پارک میں نصب غیرمعیاری مجسمہ ہٹا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ غیر معیاری مجسمہ نصب کرنے والوں کا تعین کرکے انکے خلاف کارروائی عمل میں لائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں